پاکستانی نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کے لیے امریکا میں روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان طبی افرادی قوت، نرسنگ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جا رہے ہیں۔
امریکن پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن جو امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کی ذیلی تنظیم ہے اور پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر نیویارک میں دستخط کیے جائیں گے۔ اے پی پی اے سی فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر اعجاز احمد اور پاک ای ای ایف کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سیدہ ہاجرہ سہیل معاہدے پر دستخط کریں گے۔
مجوزہ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے پاکستان سے تعلق رکھنے والے اہل نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کے لیے امریکا میں پیشہ ورانہ مواقع تک رسائی کے راستے ہموار کرنے کے لیے تعاون کریں گے۔ اس میں تعلیم، پیشہ ورانہ تیاری، تربیت، اسناد کے حصول اور پیشہ ورانہ اہلیت سے متعلق تقاضوں کو پورا کرنے میں معاونت شامل ہوگی۔
اس تعاون کے ذریعے امریکا میں صحت کے شعبے سے وابستہ اداروں اور تعلیمی مراکز کے ساتھ روابط اور شراکت داری کو بھی فروغ دیا جائے گا تاکہ پاکستان میں تربیت یافتہ طبی ماہرین کو بین الاقوامی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لانے کے زیادہ مواقع مل سکیں۔
امریکن پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن امریکا میں قائم غیر منافع بخش ادارہ ہے جو پاکستان اور امریکا میں تعلیم، طبی شعبے کی افرادی قوت کی ترقی، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور کمیونٹی سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام کرتا ہے۔
پاکستانی نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کے لیے امریکا میں مواقع پیدا کرنے کا یہ منصوبہ اے پی پی اے سی نے نیویارک ریاستی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس کے تعاون سے شروع کیا تھا۔ اس سلسلے میں اے پی پی اے سی کے بورڈ ارکان نے پاکستان کے دو دورے کیے اور متعلقہ اداروں اور شعبے کے ماہرین سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں نرسنگ، طبی تعلیم، معاون طبی شعبے، افرادی قوت کی تیاری اور پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
دوسری جانب پاک ای ای ایف نے نیشنل کونسل لائسنسر ایگزامینیشن یعنی اینکلیکس نرس پلیسمنٹ پروگرام بھی شروع کر رکھا ہے، جس کا مقصد پاکستانی رجسٹرڈ نرسوں کو بین الاقوامی سطح پر لائسنس حاصل کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔
ادارے کے مطابق پروگرام کے تحت ملک گیر رجسٹریشن مہم میں 2 ہزار 759 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے سخت جانچ پڑتال اور انتخاب کے بعد 300 اہل نرسوں کو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا۔
اب تک 80 سے زائد پاکستانی نرسیں اینکلیکس لائسنس حاصل کرچکی ہیں اور بین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دینے کے لیے تیار ہیں جبکہ مزید 220 سے زائد نرسیں امتحانی عمل کے مختلف مراحل میں ہیں۔
اس پروگرام کی اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ مالی مشکلات کا شکار پاکستانی امیدواروں کو مہنگے بین الاقوامی امتحان کی تیاری اور اسے پاکستان میں رہتے ہوئے مکمل کرنے میں سہولت فراہم کی گئی۔
نئی مفاہمتی یادداشت کے بعد اے پی پی اے سی فاؤنڈیشن امریکا میں اسپتالوں، صحت کے نظام، نرسنگ مراکز، تعلیمی اداروں، پیشہ ورانہ تنظیموں اور ممکنہ آجر اداروں کے ساتھ روابط قائم کرنے کے لیے کام کرے گی تاکہ مطلوبہ اہلیت رکھنے والے پاکستانی طبی ماہرین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔
دوسری جانب پاک ای ای ایف ایسے نرسوں اور طبی ماہرین کی نشاندہی اور معاونت کرے گا جو مناسب تعلیمی پس منظر اور پیشہ ورانہ اہلیت رکھتے ہوں اور امریکا میں مزید تعلیم، پیشہ ورانہ ترقی یا روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہوں۔
ادارہ امیدواروں کو پیشہ ورانہ تیاری، امتحانات، اسناد کے حصول، دستاویزات کی تکمیل اور دیگر ضروری تقاضے پورے کرنے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے جامعات، نرسنگ اسکولوں، اسپتالوں، تربیتی مراکز اور پیشہ ورانہ تنظیموں کے ساتھ مل کر نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کے لیے تعلیمی اور تربیتی پروگرام تشکیل دینے یا پہلے سے موجود پروگراموں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی کام کرسکیں گے۔
اس کے علاوہ وظائف، تعلیمی معاونت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور تربیتی شراکت داری کے امکانات بھی تلاش کیے جائیں گے۔ دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے جلد مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔