اسمارٹ گلاسز سے پرائیویسی کو خطرہ؟ لاہور ہائیکورٹ نے حکام سے جواب طلب کرلیا

اسمارٹ گلاسز سے پرائیویسی کو خطرہ؟ لاہور ہائیکورٹ نے  حکام سے جواب طلب کرلیا

لاہور ہائیکورٹ نے کیمرہ اور مائیکروفون سے لیس اسمارٹ گلاسز کی پاکستان میں درآمد اور فروخت کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے شہری حسنین العابدین کی جانب سے ایڈووکیٹ شرام ساقی کے توسط سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ کیمرے سے لیس اسمارٹ گلاسز کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ان کی لاعلمی میں لائیو اسٹریم بھی کیا جاسکتا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ  میٹا ، ربن گلاسز  جیسے اسمارٹ گلاسز عام اسمارٹ فونز سے مختلف ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے پہننے والے کے سامنے موجود منظر کو ریکارڈ کیا جاسکتا ہے جبکہ بظاہر یہ عام چشمے ہی دکھائی دیتے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق ایسے آلات کا استعمال آئین پاکستان کے آرٹیکل 9 اور 14 کے تحت شخصی آزادی، انسانی وقار اور رازداری کے تحفظ سے متعلق خدشات پیدا کرسکتا ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ میٹا نے پاکستان کو ان اسمارٹ گلاسز کی باضابطہ مارکیٹ کے طور پر فہرست میں شامل نہیں کیا، تاہم یہ آلات مبینہ طور پر آن لائن فروخت کنندگان اور لاہور کی فزیکل دکانوں، جن میں حفیظ سینٹر کی دکانیں بھی شامل ہیں، پر دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایمان مزاری کیس میں بڑا عدالتی موڑ، 6 اکتوبر کو کیا ہونے والا ہے؟ اہم تفصیلات آ گئیں

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ کیمرہ سے لیس اسمارٹ گلاسز کی درآمد اور استعمال محدود کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ان آلات کے لیے موجود ریگولیٹری منظوریوں کا جائزہ لیا جائے۔ درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی کہ حساس مقامات، جن میں عدالتیں، ہوائی اڈے اور سرکاری دفاتر شامل ہیں، وہاں ایسے اسمارٹ گلاسز کے استعمال پر پابندیاں عائد کی جائیں۔

درخواست گزار نے کسٹمز حکام کو متعلقہ کھیپوں کی کلیئرنس روکنے کی ہدایت دینے جبکہ سائبر کرائم حکام سے ایسے آلات سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کی تفصیلات طلب کرنے کی بھی استدعا کی۔ ابتدائی سماعت کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ، وزارت تجارت اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 8 اکتوبر تک جوابات جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

Related Articles