کفایت شعاری کے فیصلوں پر عملدرآمد،اسحاق ڈار نے وزارتوں کو متحرک کردیا

کفایت شعاری کے فیصلوں پر عملدرآمد،اسحاق ڈار نے وزارتوں کو متحرک کردیا

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت بچت اور کفایت شعاری کے اضافی اقدامات کی نگرانی اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سرکاری اخراجات میں کمی اور قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، شرکا کو گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں اور ان پر عملدرآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی گفتگو کی گئی کہ حکومتی وسائل کو ضرورت اور ترجیح کے مطابق استعمال کیا جائے اور غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کے لیے جاری اقدامات پر مؤثر نگرانی برقرار رکھی جائے۔

مالیاتی نظم و ضبط پر زور

اجلاس کے دوران مالیاتی نظم و ضبط یقینی بنانے کو اہم قرار دیا گیا، اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری اداروں میں اخراجات کو قابو میں رکھنے اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے کیے گئے فیصلوں پر عملی طور پر عملدرآمد ہونا چاہیے،حکومت کی جانب سے کفایت شعاری کے اقدامات کا مقصد سرکاری اخراجات میں کمی، ایندھن اور توانائی کے تحفظ اور قومی وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

فیصلوں پر عملدرآمد کی ہدایت

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل اور مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی،انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ کفایت شعاری کے لیے طے کیے گئے اقدامات صرف فیصلوں تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کے عملی نفاذ اور نتائج کی باقاعدہ نگرانی بھی کی جائے۔

سرکاری اخراجات میں کمی

وفاقی حکومت پہلے ہی مالی سال 2026-27 کے دوران کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنے کی منظوری دے چکی ہے، ان اقدامات میں غیر ضروری سرکاری اخراجات میں کمی، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے استعمال کو محدود کرنا اور غیر ضروری خریداری پر پابندی جیسے فیصلے شامل ہیں۔

حکومت نے نان ای آر ای بجٹ میں بھی 5 فیصد کمی کی منظوری دی ہے، جبکہ سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں عارضی کمی سمیت مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔

نگرانی کا نظام

کفایت شعاری اور ایندھن بچت کے اقدامات کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی وزارتوں، ڈویژنز، سرکاری محکموں اور متعلقہ اداروں سے عملدرآمد رپورٹس حاصل کرتی ہے،کمیٹی عدم عملدرآمد یا رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے اصلاحی اقدامات بھی تجویز کرسکتی ہے اور پیش رفت سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جاتی ہے۔

وفاقی وزراء کی شرکت

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کے دوران کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد مزید مؤثر بنانے اور سرکاری وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اجلاس کے اختتام پر متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو گزشتہ فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی تاکہ حکومتی اخراجات میں کمی اور مالیاتی نظم و ضبط کے اہداف حاصل کیے جاسکیں۔

editor

Related Articles