اسلام آباد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر ہونے والی پولنگ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں، جن میں اہم سیاسی شخصیات کو شکست اور بڑے اپ سیٹ دیکھنے میں آئے ہیں۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق ایل اے 14 غربی باغ سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کو شکست ہوگئی اور عوامی دست و بازو پارٹی کے امیدوار سردار ساجد اقبال نے میدان مار لیا۔
ایل اے 15 وسطی باغ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ضیاء قمر کامیاب ہوگئے جبکہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور آئی پی پی کے صدر سردار تنویر الیاس اور مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایل اے 16 شرقی باغ میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار میر اکبر کو برتری حاصل ہے جبکہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کامیاب ہوگئے ہیں۔
ایل اے 14 دھیرکوٹ میں بڑا اپ سیٹ
حلقہ ایل اے 14 دھیرکوٹ کے تمام 214 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق عوامی دست و بازو پارٹی کے امیدوار سردار ساجد اقبال 40 ہزار 702 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم کانفرنس کے امیدوار اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان 19 ہزار 542 ووٹ حاصل کرسکے۔
ساجد اقبال نے سردار عتیق احمد خان کو 21 ہزار 160 ووٹوں کی بھاری برتری سے شکست دی۔
سردار عتیق احمد خان کی شکست کو آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات کا بڑا سیاسی اپ سیٹ قرار دیا جارہا ہے کیونکہ ایل اے 14 کی نشست طویل عرصے سے مسلم کانفرنس کا مضبوط سیاسی گڑھ سمجھی جاتی رہی ہے۔
انتخابی معلومات کے مطابق 1985 سے یہ نشست مسلم کانفرنس کے پاس رہی ہے جبکہ سردار عتیق احمد خان کے والد اور معروف کشمیری رہنما سردار عبدالقیوم خان بھی اسی حلقے سے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔
ماضی میں بھی غربئ باغ میں سردار عتیق احمد خان کے خلاف مختلف سیاسی اتحاد بنائے گئے لیکن انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ سردار عتیق احمد خان متعدد مرتبہ اس حلقے سے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوتے رہے۔
حالیہ انتخابات میں سردار ساجد اقبال نے مختلف انتخابی حکمت عملی اپناتے ہوئے مسلم کانفرنس کے سربراہ کو ان کے مضبوط سیاسی حلقے میں شکست دے دی۔
مقامی ذرائع کے مطابق ساجد اقبال کا متحدہ عرب امارات میں کاروبار ہے اور گزشتہ چند برسوں کے دوران انہوں نے حلقے میں ذاتی وسائل سے سڑکوں، اسکولوں اور پانی کی اسکیموں سمیت مختلف ترقیاتی کاموں میں معاونت کی، جس سے انہیں حلقے میں عوامی پذیرائی حاصل ہوئی۔
سردار عتیق احمد خان کی شکست کے بعد مسلم کانفرنس کو بھی بڑا سیاسی دھچکا لگا ہے۔ گزشتہ آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم کانفرنس کی نمائندگی صرف سردار عتیق احمد خان تک محدود تھی، تاہم ان کی شکست کے بعد جماعت اسمبلی سے باہر ہوگئی ہے۔
ایل اے 15 وسطی باغ، ضیاء قمر کامیاب
حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ کے تمام 181 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیاء قمر 16 ہزار 637 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس 15 ہزار 15 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار بریگیڈیئر راجا محمد خان 12 ہزار سے زائد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس چوتھے نمبر پر رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ انتخابات میں سردار تنویر الیاس نے اسی حلقے سے 19 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی تاہم نااہلی کے بعد ہونے والے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے ضیاء قمر کامیاب ہوئے تھے۔
حالیہ انتخابات میں ضیاء قمر نے ایک مرتبہ پھر کامیابی حاصل کرکے اپنی انتخابی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔
ایل اے 16 شرقی باغ، ن لیگ کے میر اکبر کو برتری
حلقہ ایل اے 16 شرقی باغ کے 186 میں سے 174 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار میر اکبر 18 ہزار 950 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار قمر الزمان خان 15 ہزار 750 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
حلقے کے 12 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق بعض پولنگ اسٹیشنز پر تصادم اور بعض مقامات پر ووٹرز کے بائیکاٹ کے باعث پولنگ کا عمل متاثر ہوا تھا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ کا فیصلہ کیا۔
دوبارہ پولنگ مکمل ہونے تک حلقہ ایل اے 16 کے مکمل نتائج روک دیے گئے ہیں اس لیے حتمی نتیجے میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔
ایل اے 17 حویلی کہوٹہ، وزیراعظم فیصل راٹھور کامیاب
حلقہ ایل اے 17 حویلی کے تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور 31 ہزار 839 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز 28 ہزار 975 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ طارق سعید 8 ہزار 295 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔
نتائج کے مطابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے چوہدری محسن عزیز کو 2 ہزار 864 ووٹوں کی برتری سے شکست دی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا بھی دیا ہے۔