خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت رہے نہ رہے لیکن سہیل آفریدی رہتے نہیں نظر آ رہے، ثمر ہارون بلور

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت رہے نہ رہے لیکن سہیل آفریدی   رہتے نہیں نظر آ رہے، ثمر ہارون بلور

مسلم لیگ ن کی رہنما ثمر ہارون بلور نے خیبر پختونخوا حکومت میں  ہونے والی  کرپشن سے متعلق ایک اور وائٹ پیپر جلد جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی احتجاجی لانگ مارچ سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے اڈیالہ جیل کے دروازے نہیں کھلیں گے۔

آزاد پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے خود کو ایک مشکل صورت حال میں پھنسا لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت رہے یا نہ رہے، تاہم انہیں سہیل آفریدی حکومت میں زیادہ دیر نظر نہیں آتے۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت میں ہونے والی مبینہ کرپشن سے متعلق ایک اور وائٹ پیپر جلد سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ گھروں کی آرائش اور لگژری شوز خریدنے پر خرچ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے ’’میاں غازی‘‘ کمپنی کے حوالے سے بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کے پیچھے تحریک انصاف کے صوبائ وزیر ہیں ۔ انہوں نے پی ڈی اے کی ایک خاتون افسر کو ٹھیکے ملنے اور اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے پیچھے  بھی  صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے دستاویزی ثبوت آئندہ آنے والے وائٹ پیپر کا حصہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں دہشتگردی سے متعلق سہیل آفریدی کا بیانیہ ایک بار پھر مسترد ، ثمر بلور نے حقائق سامنے رکھ دیے

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ سہیل آفریدی کے کزن عبدالہادی عرف پتنگ اپنے ساتھیوں سمیت اربوں روپے لے کر دبئی فرار ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق عبدالہادی عرف پتنگ کے ساتھ دو دیگر افراد بھی فرار ہونے والے تھے جنہیں ایف آئی اے نے ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔

انہوں نے سہیل آفریدی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ’’عبدالہادی عرف پتنگ کو واپس لائیں‘‘۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے۔ ان کے مطابق سہیل آفریدی کے دور میں کوہاٹ پولیس پر یہ دسواں حملہ تھا، جبکہ 960 سے زائد کلوگرام منشیات بھی قبضے میں لی جاچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 14 سال سے متاثرہ خاندانوں کی جانب صوبائی حکومت کی توجہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہر وزیراعلیٰ کی جانب سے بھتہ دیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی کے مجوزہ لانگ مارچ کے حوالے سے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ اگر لانگ مارچ ہوجاتا ہے تو اس سے عمران خان کے لیے اڈیالہ جیل کے دروازے نہیں کھلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لانگ مارچ بالکل نہیں ہورہا۔

Related Articles