خیبر پختونخوا حکومت کی نرمی کا فائدہ اٹھا کر افغان’ہوتک گروپ‘ متحرک، مختلف شہروں میں غیر ملکی سگریٹس کی آڑ میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث، ثبوت سامنے آگئے
Home - آزاد کاروبار - خیبر پختونخوا حکومت کی نرمی کا فائدہ اٹھا کر افغان’ہوتک گروپ‘ متحرک، مختلف شہروں میں غیر ملکی سگریٹس کی آڑ میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث، ثبوت سامنے آگئے
خیبر پختونخوا حکومت کی عدم توجہی اور افغان طالبان کی پاکستان مخالف پالیسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے افغان نژاد ’ہوتک گروپ‘ نے پاکستان کے مختلف شہروں میں غیر ملکی سگریٹس کی ترسیل کی آڑ میں منشیات کا نیٹ ورک پھیلا دیا ہے، جس پر سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
مقامی نجی ٹی وی کی رپورٹ اور دیگر ذرائع کے مطابق افغان نژاد افراد پر مشتمل ’ہوتک گروپ‘ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر اہم شہروں میں غیر ملکی اور اسمگل شدہ سگریٹس کی غیر قانونی ترسیل میں مکمل طور پر ملوث پایا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس منظم نیٹ ورک نے وفاقی دارالحکومت کے رہائشی علاقوں میں اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں، جہاں سیکٹر بی 17 اور ڈی 17 کے متعدد گھروں کو سگریٹ کے خفیہ گوداموں کے طور پر استعمال کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ان گوداموں سے ’میلانو‘ اور ’مونڈ‘ جیسے معروف غیر ملکی سگریٹ برانڈز کی سپلائی کی جاتی ہے اور اسی کی آڑ میں دیگر ممنوعہ منشیات بھی منتقل کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کی عدم توجہی اور افغان طالبان کا کردار
رپورٹ میں اس تشویشناک امر کی نشاندہی کی گئی ہے کہ افغان طالبان پاکستان کو ہر سطح پر معاشی اور انتظامی طور پر کمزور کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کی عدم توجہی اور طالبان کے لیے نرم گوشہ رکھنے کے باعث پاک افغان سرحد اسمگلرز کے لیے ایک انتہائی آسان اور محفوظ راستہ بن چکی ہے۔
اسی سیکیورٹی خلا کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منشیات کا یہ کاروبار سرحد پار سے پاکستان کے اندرونی حصوں تک پھیلایا جا رہا ہے۔
سفر کے روابط اور جاری تحقیقات
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ’ہوتک گروپ‘ کے ارکان کے افغانستان کے ساتھ مسلسل سفری روابط موجود ہیں، جن کی مدد سے غیر قانونی سامان اور سرمایہ آسانی سے منتقل کیا جاتا ہے۔
اس وقت قانون نافذ کرنے والے ادارے اس نیٹ ورک کی تمام کڑیوں، گوداموں اور سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے جامع تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس غیر قانونی دھندے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
پاک افغان سرحدی علاقوں میں غیر قانونی تجارت اور اسمگلنگ کی تاریخ دہائیوں پر محیط ہے، تاہم گزشتہ چند سالوں کے دوران خطے کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال میں تبدیلی کے بعد سرحدی نظم و نسق کو شدید چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔
ماضی میں بھی مختلف کالعدم گروہ اور اسمگلرز غیر ملکی مصنوعات کی آڑ میں ممنوعہ اشیا پاکستان منتقل کرتے رہے ہیں۔
قومی معیشت پر اثرات
غیر ملکی سگریٹس اور منشیات کی یہ منظم اسمگلنگ ایک طرف قومی خزانے کو اربوں روپے کے ٹیکس کا نقصان پہنچا رہی ہے تو دوسری طرف ملک کے شباب اور تعلیمی اداروں کو منشیات کے زہر سے آلودہ کر رہی ہے۔