خیبر پختونخوا میں دہشتگردی بے قابو ، ٹانک میں حملہ ، مزید 3 ٹریفک پولیس اہلکار شہید

خیبر پختونخوا میں دہشتگردی بے قابو ، ٹانک میں حملہ ، مزید 3 ٹریفک پولیس اہلکار شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر دہشتگردوں  نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ، فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سوار حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کا سرچ آپریشن

تھانہ سٹی پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔

پولیس کے مطابق حملہ آور ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے، جسے بعد ازاں گرہ بڈھا کے علاقے سے برآمد کرلیا گیا ، فائرنگ کے واقعے میں 2 راہ گیر بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

محسن نقوی کا اظہارِ افسوس

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے 3 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

خیبرپختونخوا میں حالیہ دہشتگردی کے  واقعات

خیبرپختونخوا میں حالیہ دنوں کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ، گزشتہ روز لکی مروت میں حملے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :بلوچستان : نوشکی میں پولیو ٹیم کے سیکیورٹی سکواڈ پرفائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

اس سے قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش دھماکے اور فائرنگ کے واقعے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 35 زخمی ہوئے تھے ، کوہاٹ میں 18 ستمبر کو پولیس لائنز پر حملے میں بھی جانی نقصان رپورٹ ہوا تھا۔

editor

Related Articles