علیمہ خان کو جیل میں بنیادی سہولیات اور ضروری اشیا فراہم کی گئی ہیں، پنجاب حکومت

علیمہ خان کو جیل میں بنیادی سہولیات اور ضروری اشیا فراہم کی گئی ہیں، پنجاب حکومت

پنجاب حکومت نے لاہور ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو جیل میں بنیادی سہولیات اور ضروری اشیا فراہم کی گئی ہیں۔

علیمہ خان کو 20 ستمبر کو لاہور کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس کے تحت حراست میں لینے یا گرفتار کرنے کے حکم کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔

یہ پیش رفت پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو ملک گیر احتجاج اور اسلام آباد مارچ سے قبل پارٹی کے خلاف کریک ڈاؤن کی اطلاعات کے درمیان سامنے آئی تھی۔ پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال عمران خان کی رہائی اور آئین کی بالادستی کے لیے عوام کو متحرک کرنے کے مطالبات کے ساتھ دی تھی۔

علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فرخ خان لودھی نے کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے بیٹے نے کارکنوں کو احتجاج سے روک دیا لیکن کہاں؟

رپورٹ کے مطابق علیمہ خان کو چادر، کمبل، جوتے، 6 جوڑے کپڑے اور تولیہ فراہم کیا گیا ہے۔ انہیں فیس واش، ٹوتھ برش، اسکن کیئر کٹ اور شال بھی فراہم کی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ابر گل خان نے علیمہ خان کے بیٹے کی جانب سے دائر درخواست نمٹا دی۔

عدالت نے ہوم سیکریٹری کو علیمہ خان سے ملاقات کی اجازت دینے سے متعلق درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

Related Articles