ایل اے 17 سے فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

ایل اے 17 سے فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 17 حویلی کے انتخابی نتائج سے متعلق کئی گھنٹوں کی غیر یقینی صورتحال کے بعد ریٹرننگ افسر نے پیپلز پارٹی کے امیدوار اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کیے گئے حتمی نوٹیفکیشن کے مطابق فیصل ممتاز راٹھور نے 33 ہزار 872 ووٹ حاصل کرکے حلقے میں کامیابی اپنے نام کی۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز 32 ہزار 354 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کون ہونگے؟ نام سامنے آگیا

نتائج کے مطابق دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلہ انتہائی سخت رہا اور کامیاب امیدوار کو اپنے مدمقابل امیدوار پر 1 ہزار 518 ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی۔ حلقے میں انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر کے باعث سیاسی سطح پر خاصی بے چینی بھی دیکھنے میں آئی تھی۔

حلقے سے آزاد امیدوار خواجہ طارق سعید نے 12 ہزار 538 ووٹ حاصل کیے اور وہ تیسرے نمبر پر رہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار چوہدری عامر نذیر نے 5 ہزار 405 ووٹ حاصل کیے۔

ایل اے 17 حویلی میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج کے اعلان میں تاخیر نے سیاسی ماحول کو خاصا گرم رکھا۔ دونوں اہم امیدواروں کی جانب سے کامیابی کے دعوے کیے گئے تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دوبارہ گنتی کا مطالبہ بھی سامنے آیا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں :مشتاق منہاس، محسن عزیز ہار گئے،کارکنوں کا احتجاج ، قیادت خاموش کیوں؟اندرونی کہانی سامنے آ گئی

بعد ازاں انتخابی مواد کو محفوظ رکھنے کے لیے پولنگ بیگز مظفرآباد منتقل کیے گئے جس کے بعد حلقے کے حتمی نتیجے کے حوالے سے صورتحال مزید توجہ کا مرکز بنی رہی۔

اب ریٹرننگ افسر کی جانب سے فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد حلقہ ایل اے 17 حویلی کے انتخابی نتیجے سے متعلق ابہام ختم ہوگیا ہے۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار نے سخت مقابلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔

editor

Related Articles