پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہیں، ایرانی صدر

پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہیں، ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ سکیورٹی سمیت تمام اہم شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط خطے میں سکیورٹی، امن اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :سپریم لیڈر سے 7 سے 8 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، مکمل طور پر صحت مند ہیں ، ایرانی صدر

ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ تہران اسلام آباد کے ساتھ تعاون کے مزید راستے کھولنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون میں اضافہ باہمی مفادات کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے مضبوط روابط نہ صرف دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہیں بلکہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو بھی تقویت دے سکتے ہیں۔

ایرانی صدر نے پاکستان کی جانب سے ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے ظاہر کی جانے والی دلچسپی کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی جانب سے دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش ایران کے لیے قابل قدر ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکا،ایران مذاکرات پر اہم مشاورت، محسن نقوی ایران پہنچ گئے

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی، مضبوط اور پائیدار ہیں۔ ان کے مطابق اسلام آباد تہران کے ساتھ تعلقات کو جامع بنیادوں پر مزید آگے بڑھانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہا ہے۔

محسن نقوی نے اپنے دورہ ایران کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اپنے ایرانی ہم منصب محسن مومنی سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون کے ساتھ خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کے حکام نے باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور مختلف شعبوں میں روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

editor

Related Articles