ملک میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر کے بعض علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی موجودہ بارشوں کا سلسلہ 13 اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا موسمی نظام اس وقت ملک کے مختلف حصوں میں موجود ہے، جس کے باعث پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، بعض مقامات پر تیز بارش بھی ہوسکتی ہے، جس سے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، تونسہ اور گڈو بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے ، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے بھی ملک میں دریاؤں کے پانی کے بہاؤ، ڈیموں میں پانی کے ذخیرے اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ جاری کررکھا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔