شناختی کارڈ میں بڑی تبدیلیاں، نادرا نے’’ نیا کارڈ‘‘ متعارف کرا دیا

شناختی کارڈ میں بڑی تبدیلیاں، نادرا نے’’ نیا  کارڈ‘‘  متعارف کرا دیا

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے خود انحصاری کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان میں تیار کردہ کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے۔ نیا شناختی کارڈ درآمدی مائیکرو چِپ کے بغیر ہوگا اور اس میں شناخت کی تصدیق کے لیے محفوظ کیو آر کوڈ استعمال کیا جائے گا۔

نادرا کے مطابق نیا کارڈ پولی کاربونیٹ مٹیریل سے پاکستان میں تیار کیا گیا ہے، جبکہ درآمدی مائیکرو چِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ شامل کیا گیا ہے۔ کیو آر کوڈ کے ذریعے شناختی کارڈ کی تصدیق عام اسمارٹ فون سے بھی ممکن ہوگی۔

نئے نظام کے تحت پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی شناختی کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے کارڈ کی تصدیق کی جاسکے گی۔ کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر سے متعلق شناختی معلومات اور تصویر موجود ہوگی، جس سے نام، پتہ اور دیگر کوائف کے ڈیٹا اندراج میں ممکنہ غلطیوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

نادرا کے مطابق ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، اسپتالوں، پاکستان ریلوے، پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو کیو آر کوڈ کے ذریعے شناخت کی تصدیق کے لیے متعلقہ سافٹ ویئر فراہم کیا جائے گا، جس سے مختلف اداروں میں شناختی دستاویزات کی تصدیق کا عمل مزید آسان اور مؤثر بنایا جاسکے گا۔

نئے شناختی کارڈ پر خاندان نمبر کے علاوہ معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضا عطیہ کرنے والوں اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے لیے مخصوص نشانات بھی شامل ہوں گے۔ کارڈ پر شہری کا نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا۔

نادرا کے مطابق کیو آر کوڈ پر مبنی نیا شناختی کارڈ 14 اگست 2026 سے موجودہ چِپ کے بغیر ٹیسلن شناختی کارڈ کی جگہ مرحلہ وار جاری کیا جا رہا ہے۔

اس منصوبے کے اگلے مرحلے میں جنوری 2027 سے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا کارڈ نیشنل آئی ڈی کارڈ فار اوورسیز پاکستانی نائیکوپ اور جووینائل کارڈ سمیت قومی شناختی کارڈ کی تمام اقسام کے لیے جاری کیا جائے گا۔

نادرا نے بتایا کہ آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ کو بھی چِپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نئے شناختی کارڈ میں منتقل کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شادی کے بعد نادرا میں ازدواجی حیثیت کیسے تبدیل کریں؟ گھر بیٹھے ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے کا آسان طریقہ

نادرا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تیار کردہ اس نئے نظام کا مقصد شناختی دستاویزات کے شعبے میں خود انحصاری کو فروغ دینا، درآمدی ٹیکنالوجی پر انحصار کم کرنا اور شہریوں کی شناخت کی تصدیق کے عمل کو جدید، آسان اور زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

Related Articles