تعلیمی اداروں میں داخلوں کا نیا نظام لانے کا فیصلہ

تعلیمی اداروں میں داخلوں کا نیا نظام لانے کا فیصلہ

محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے کالجوں میں داخلوں کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 2027 سے سرکاری کالجوں میں دستی داخلے ختم کر دیے جائیں گے اور طلباء کو داخلے کے لیے آن لائن نظام استعمال کرنا ہوگا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (DPI) پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر کے مطابق کالجوں میں داخلوں کو آن لائن منتقل کرنے کا فیصلہ پنجاب حکومت کی پیپر لیس پالیسی کا حصہ ہے،اس اقدام کا مقصد کاغذی کارروائی کم کرنے کے ساتھ ساتھ داخلوں کے عمل کو زیادہ آسان اور شفاف بنانا ہے۔

فارم اور پراسپیکٹس ختم

نئے نظام کے تحت کالجز طلباء کو پرنٹ شدہ پراسپیکٹس اور داخلہ فارم جاری نہیں کریں گے، طلباء کو آن لائن سسٹم کے ذریعے داخلے کے لیے درخواست جمع کرانی ہوگی اور ضروری معلومات بھی ڈیجیٹل طریقے سے فراہم کرنا ہوں گی۔

فیس بھی آن لائن

محکمہ تعلیم کے مطابق کالجوں کی فیس کی ادائیگی پہلے ہی آن لائن کی جا چکی ہے، اب داخلے کے باقی مراحل کو بھی ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے تاکہ طلباء کو کالج جا کر مختلف مراحل مکمل کرنے اور قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہ رہے۔

یہ بھی پڑھیں :؍فیسوں سے متعلق پرائیویٹ سکولوں پر بڑی پابندی عائد کردی گئی

طلباء کو کیا کرنا ہوگا؟

نئے نظام کے تحت طلباء گھر بیٹھے آن لائن داخلے کے لیے درخواست دے سکیں گے،داخلے سے متعلق ضروری کارروائی اور فیس کی ادائیگی بھی آن لائن نظام کے ذریعے مکمل کی جائے گی۔

والدین اور طلباء کے لیے ہدایت

ڈاکٹر انصر اظہر نے طلباء اور والدین پر زور دیا ہے کہ وہ داخلوں کے لیے کالجوں کے بار بار چکر لگانے کے بجائے ای سسٹم سے فائدہ اٹھائیں، محکمہ تعلیم کے مطابق ڈیجیٹل نظام سے داخلے کے عمل میں آسانی پیدا ہوگی اور کاغذی کارروائی میں بھی کمی آئے گی،اس فیصلے کے بعد 2027 سے پنجاب کے سرکاری کالجوں میں داخلے کا روایتی دستی نظام ختم ہو کر مکمل آن لائن نظام میں تبدیل ہو جائے گا۔

editor

Related Articles