دونگ ینگ (رضا خان) چین کے شہر دونگ ینگ میں قائم یلو ریور ویٹ لینڈ پارک ہجرت کرنے والے پرندوں کی افزائش نسل کا ایک بڑا مرکز بن گیا ہے۔ دونگ ینگ میں دریائے زرد کے ڈیلٹا پر واقع اس پارک میں پرندوں کی تین سو ستر سے زائد اقسام موسم سرما میں شمالی علاقوں سے ہجرت کر کے آتی ہیں ۔
سردیوں کے موسم میں یہ پرندے یہاں افزائش نسل کرتے ہیں اور گرمیوں میں واپس شمالی علاقوں کو لوٹ جاتے ہیں ۔ ایک لاکھ تریپن ہزار ہیکٹر پر قائم اس وسیع و عریض ویٹ لینڈ پارک کو شندونگ کی صوبائی حکومت کی جانب سے پرندوں کے تحفظ کے پارک کا درجہ دیا گیا ہے۔ اس پارک کو ہجرت کر کے آنے والے پرندوں کی وجہ سے پرندوں کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس پارک کی دیکھ بھال اور پرندوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔
پرندوں کی حفاظت سے متعلق عملہ چوبیس گھنٹے اس پارک میں موجود رہتا ہے۔ یہ پارک ہجرت کر کے آنے والے پرندوں ، خصوصاً نایاب نسل کے سفید ہنس کی افزائش نسل کا اہم مقام ہے اور انہیں بہترین مسکن فراہم کرتا ہے۔ یہاں پرندوں کہ مانیٹرنگ کا ایک نظام بھی قائم کیا گیا یے جس سے ان کا ہر وقت مشاہدہ ممکن ہوتا ہے۔
چین کے دوسرے شہروں سے لوگ خوبصورت پرندوں کا نظارہ کرنے دونگ ینگ کے یلو ریور ویٹ لینڈ پارک کا رخ کرتے ہیں ۔ پارک سے ملحق پرندوں سے متعلق ایک عجائب گھر بھی قائم کیا گیا ہے ۔ اس عجائب گھر میں مجسموں ، تصاویر ، اور ویڈیو گرافی اور ڈیجیٹل آرکائیو کے ذریعے پرندوں سے متعلق معلومات کو بہترین طریقے سے اجاگر کیا گیا ہے۔ بچوں کی اس پارک اور عجائب گھر میں دلچسپی بہت زیادہ ہوتی ہے