حج 2027 کے لیے درخواستیں 17 کے بجائے 18 اگست سے وصول کی جائیں گی، وزارت مذہبی امور

حج 2027 کے لیے درخواستیں 17  کے بجائے 18 اگست سے وصول کی جائیں گی، وزارت مذہبی امور

حج 2027 کے لیے درخواستیں جمع کرانے کے خواہش مند افراد کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے۔ وزارت مذہبی امور نے حج درخواستوں کی وصولی شروع کرنے کی تاریخ میں ایک روز کی تبدیلی کردی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق حج 2027 کے لیے درخواستیں 17 اگست کے بجائے 18 اگست سے وصول کی جائیں گی۔ درخواستوں کی وصولی کا عمل پہلے پیر سے شروع ہونا تھا تاہم اب اس کا آغاز منگل سے ہوگا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں حج2027 کیلئے آج سے رجسٹریشن کا آغاز

ذرائع کے مطابق حج درخواستیں اور مقررہ اخراجات آن لائن جمع کرانے کے ساتھ حبیب بینک کی متعلقہ برانچوں میں بھی جمع کرائے جاسکیں گے۔ درخواستوں کی وصولی پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حج 2027 کے لیے مقررہ پاکستانی کوٹہ مکمل ہونے کے بعد مزید درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی۔ پاکستان کے لیے مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے۔

مجموعی کوٹے میں سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد حصہ مختص کیا گیا ہے جس کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 پاکستانی عازمین حج ادا کرسکیں گے۔ نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے جس کے تحت 71 ہزار 684 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :حج 2027 ،درخواستوں اور ادائیگی کے حوالے سے بڑا فیصلہ،عازمین حج کیلئے اہم خبر

ذرائع کے مطابق حج اخراجات عازمین سے دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔ حج درخواست جمع کراتے وقت مجموعی اخراجات کی نصف رقم پہلی قسط کے طور پر ادا کرنا ہوگی جبکہ باقی رقم بعد میں جمع کرائی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق درخواست گزاروں کو مقررہ طریقہ کار کے تحت درخواست جمع کرانے اور رقم کی ادائیگی کی ہدایت کی گئی ہے۔ عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ درخواست جمع کرانے سے قبل ضروری دستاویزات اور دیگر شرائط مکمل کرلیں تاکہ درخواست کے عمل میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

editor

Related Articles