دنیا کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے شاندار فٹبال کیریئر کے اختتام سے متعلق اہم اشارہ دے دیا ہے۔ 41 سالہ پرتگالی اسٹار نے کہا ہے کہ موجودہ سیزن ممکنہ طور پر فٹبال میں ان کا آخری سال ہوسکتا ہے۔
رونالڈو نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ وہ فٹبال سے رخصت ہونے سے قبل ایک شاندار ورثہ چھوڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے حوالے سے اپنی منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور کھیل سے دور ہونے کے بعد بھی خود کو مصروف رکھنے کے لیے میرے پاس بہت کچھ ہوگا۔
پرتگالی اسٹار نے بتایا کہ فٹبال کے بعد وہ خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے علاوہ سفر کرنا اور پیڈل کھیلنا پسند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال کا سفر تقریباً 25 برس کی قربانیوں پر مشتمل رہا ہے اور اب وہ اپنی زندگی کے اگلے مرحلے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔
رونالڈو نے کہا کہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد زندگی میں پیدا ہونے والے خلا کو مختلف سرگرمیوں سے پُر کرنا ہوگا۔ انہوں نے مستقبل کے حوالے سے کہا کہ ان کے پاس کئی ایسے منصوبے ہیں جن میں وہ خود کو مصروف رکھ سکتے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کا فٹبال کیریئر دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ انہوں نے اس دوران اسپورٹنگ لزبن، مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ، یووینٹس اور سعودی کلب النصر کی نمائندگی کی۔ وہ پرتگال کی قومی ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔
رونالڈو نے پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتا جبکہ چیمپئنز لیگ کے پانچ ٹائٹل بھی اپنے نام کیے۔ وہ کلب اور ملک کی جانب سے مجموعی طور پر 976 گول کرچکے ہیں اور اب ان کی نظریں ایک ہزار گول کا سنگ میل عبور کرنے پر ہیں۔
رونالڈو نے واضح طور پر ریٹائرمنٹ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تاہم ان کے حالیہ بیان سے اندازہ ہوتا ہے کہ 2026-27 کا سیزن ان کے طویل اور کامیاب فٹبال سفر کا آخری مرحلہ ہوسکتا ہے۔