کالجوں میں داخلوں کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ

کالجوں میں داخلوں کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ

 پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے کالجوں میں داخلوں کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت 2027 سے سرکاری کالجوں میں داخلے مکمل طور پر آن لائن کیے جائیں گے اور مینوئل داخلوں کا نظام ختم کردیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق داخلے کے پورے عمل کو ڈیجیٹل بنانے کا مقصد طلبہ کے لیے درخواست جمع کرانے کا طریقہ آسان بنانا اور کالجوں میں داخلے کے دوران پیش آنے والی مشکلات کو کم کرنا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :پنجاب کے سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کا باضابطہ آغاز

ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر کے مطابق کالجوں میں داخلوں کو آن لائن منتقل کرنے کا فیصلہ حکومت کی پیپر لیس پالیسی کا حصہ ہے۔ نئے نظام کے ذریعے طلبہ کو داخلے کے لیے کالجوں کے بار بار چکر لگانے اور طویل قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

نئے طریقہ کار کے تحت کالج انتظامیہ طلبہ کو روایتی انداز میں پرنٹ شدہ پراسپیکٹس یا داخلہ فارم فراہم نہیں کرے گی۔ طلبہ اپنی درخواستیں اور داخلے سے متعلق دیگر ضروری مراحل آن لائن مکمل کریں گے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق کالجوں کی داخلہ فیس کی ادائیگی پہلے ہی آن لائن کردی گئی ہے جبکہ آئندہ تعلیمی سال سے داخلے کے باقی مراحل بھی ڈیجیٹل نظام کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔

  یہ بھی پڑھیں :کالجز میں عارضی اساتذہ کی بھرتی اور کنٹریکٹ پالیسی میں بڑی تبدیلی

حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن نظام سے طلبہ اور والدین کو گھر بیٹھے داخلے کی سہولت میسر آئے گی اور داخلہ عمل میں کاغذی کارروائی بھی کم ہوگی۔ اس اقدام سے کالج انتظامیہ کے لیے درخواستوں کا ریکارڈ مرتب کرنا اور داخلوں کے عمل کی نگرانی کرنا بھی آسان ہونے کی توقع ہے۔

ڈاکٹر انصر اظہر نے طلبہ اور والدین پر زور دیا ہے کہ وہ نئے نظام سے فائدہ اٹھائیں اور داخلے کے لیے آن لائن سہولت استعمال کریں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق ڈیجیٹل داخلہ نظام کے نفاذ کے بعد پنجاب کے کالجوں میں داخلے کا روایتی طریقہ مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔

editor

Related Articles