ریسٹورنٹس، ہوٹلوں اور میرج ہالز میں کچی رسیدوں کے اجراء پر مکمل پابندی

ریسٹورنٹس، ہوٹلوں اور میرج ہالز میں کچی رسیدوں کے اجراء پر مکمل پابندی

پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس اور میرج ہالز میں ٹیکس کی ممکنہ چوری اور ہیرا پھیری کو روکنے کے لیے صوبہ بھر میں کچی رسیدوں کے اجراء پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر تمام اضلاع کے کمشنرز نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیے ہیں۔

پی آر اے کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس اور میرج ہالز کے لیے ای آئی ایم ایس کے ذریعے الیکٹرانک رسید جاری کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب : ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ چینز میں کارڈ سے ادائیگی پر 8 فیصد سیلز ٹیکس نافذ

نظام کی خلاف ورزی کرنے یا الیکٹرانک رسید نہ دینے والے کاروباری اداروں کو 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ مسلسل خلاف ورزی پر متعلقہ کاروبار کو ایک ماہ تک سیل بھی کیا جا سکے گا۔

مزید برآں، کارِ سرکار میں مداخلت، سیلز ریکارڈ میں خردبرد یا تفتیش کے لیے ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر بھی سخت قانونی کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت کچن آرڈر سلپس، غیر ادا شدہ بل یا کسی بھی قسم کی غیر رسمی رسیدوں کی فراہمی پر مکمل قدغن لگا دی گئی ہے۔

کاروباری مراکز کو اب صارفین کو صرف وہی رسید جاری کرنا ہوگی جس پر ان کا نام، پتہ، رسید نمبر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کیو آر (QR) کوڈ واضح طور پر درج ہو۔

یہ بھی پڑھیں :کاروباری طبقے کیلئے خوشخبری ، حکومت کا بڑے ریلیف کا اعلان

حکام کے مطابق اس جامع اقدام کا بنیادی مقصد صوبے میں ٹیکس کی وصولی کے نظام کو شفاف بنانا، سیلز ریکارڈ کو مکمل ڈیجیٹلائز کرنا اور ٹیکس چوری کا تدارک کرنا ہے۔

editor

Related Articles