جانی ڈیپ کے مداحوں کے لیے بڑی خبر، جیک اسپیرو کی واپسی کے امکانات روشن

جانی ڈیپ کے مداحوں کے لیے بڑی خبر، جیک اسپیرو کی واپسی کے امکانات روشن

ہالی وڈ کی مقبول فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ کے مداحوں کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے، فلم کے یادگار کردار کیپٹن جیک اسپیرو کے طور پر جانی ڈیپ کی واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ’پائریٹس آف دی کیریبین 6‘ میں جانی ڈیپ کی ممکنہ واپسی کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔ فرنچائز کے معروف پروڈیوسر جیری برک ہائمر نے بھی اداکار کے ساتھ بات چیت کی تصدیق کردی ہے۔

ڈزنی کی ڈی 23 تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے جیری برک ہائمر نے بتایا کہ جانی ڈیپ سے مذاکرات ہورہے ہیں جبکہ فلم کے اسکرپٹ پر بھی کام جاری ہے۔ پروڈیوسر نے امید ظاہر کی کہ بات چیت کامیاب ہوگی اور منصوبے کو عملی شکل دی جاسکے گی۔

یہ بھی پڑھیں:سیف علی خان نے عالمی جنگوں کے اثرات پر بات کر دی، بچوں کے خوف کا انکشاف

جانی ڈیپ نے کب جیک اسپیرو کا کردار نبھایا؟

جانی ڈیپ نے 2003 میں ریلیز ہونے والی ’پائریٹس آف دی کیریبین، دی کرس آف دی بلیک پرل‘ میں پہلی بار کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار ادا کیا تھا۔اپنے منفرد انداز اور مزاحیہ اداکاری کے باعث یہ کردار دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا اور جانی ڈیپ کو بہترین اداکار کے آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔

بعد ازاں اداکار فرنچائز کی مزید چار فلموں میں جیک اسپیرو کے روپ میں نظر آئے۔ اس کردار میں ان کی آخری بڑی اسکرین انٹری 2017 میں ریلیز ہونے والی ’ڈیڈ مین ٹیل نو ٹیلز‘ میں ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر شمشو بی بی کے قتل کی اہم تفصیلات سامنے آگئیں، مالی تنازع کا بھی شبہ

’پائریٹس 6‘ پر کب سے کام جاری ہے؟

’پائریٹس آف دی کیریبین 6‘ گزشتہ کئی برسوں سے مختلف مراحل میں زیر غور ہے۔ ڈزنی کی جانب سے فرنچائز کو نئے انداز میں پیش کرنے کے لیے مختلف کہانیوں اور منصوبوں پر کام کیا جاتا رہا ہے۔ اس دوران اداکارہ مارگو روبی سے منسلک ایک ممکنہ نئے منصوبے اور فرنچائز کے ری بوٹ کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں۔

کیا جانی ڈیپ واقعی واپس آئیں گے؟

فی الحال جانی ڈیپ کی فلم میں واپسی کا حتمی معاہدہ نہیں ہوا۔ اسکرپٹ مکمل ہونے، کاسٹنگ اور دیگر معاہدوں کی شرائط طے ہونے کے بعد ہی فلم کی پروڈکشن اور ریلیز سے متعلق حتمی اعلان متوقع ہے۔ اگر مذاکرات کامیاب ہوگئے تو ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ کے مداح کئی برس بعد جانی ڈیپ کو ایک بار پھر کیپٹن جیک اسپیرو کے روپ میں بڑے پردے پر دیکھ سکیں گے۔

اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کیا جانی ڈیپ واقعی ایک بار پھر جیک اسپیرو بن کر سمندری مہم جوئی کے لیے واپس آتے ہیں یا نہیں۔

editor

Related Articles