پاکستانی طلبہ نے عالمی سطح پر ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے گلوبل ماڈل یو این سنگاپور 2026 میں آٹھ اعزازات اپنے نام کرلیے۔
ویسٹ منسٹر ماڈل یونائیٹڈ نیشنز سوسائٹی کے 10 رکنی پاکستانی وفد نے 11 سے 15 اگست تک سنگاپور میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں وفد کے8 طلبہ نے مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز حاصل کیے۔
پاکستانی وفد نے سنگاپور کے سن ٹیک سٹی کنونشن سینٹر میں دنیا بھر سے آنے والے طلبہ کے ساتھ مقابلہ کیا۔ ان میں سے ایک پاکستانی طالب علم نے بہترین سفارت کاری، مذاکرات، قیادت اور کمیٹی میں شاندار کارکردگی پر ’بیسٹ ڈیلیگیٹ‘کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
اس کامیابی کی خاص بات یہ رہی کہ پاکستانی وفد میں شامل 2طلبہ، اسنا احمد علوی اور ریان، کی عمر صرف 12 سال تھی، تاہم کم عمری کے باوجود دونوں نے عالمی سطح کے اس مقابلے میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
پاکستانی طلبہ کی جانب سے آٹھ عالمی اعزازات کا حصول نہ صرف ان کی محنت اور صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے نوجوانوں کی علمی، سفارتی اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔