امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا روزا میں ہونے والے سالانہ مقابلے میں 6 سالہ کتے جنّی لو نے ’دنیا کے بدصورت ترین کتے‘ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
یہ مقابلہ سونوما کاؤنٹی فیئر گراؤنڈز میں منعقد ہوا، جہاں مختلف کتوں نے اپنی منفرد ظاہری شکل کے ساتھ حصہ لیا۔جنّی لو گزشتہ سال بھی اس مقابلے میں شریک ہوئی تھی اور دوسرے نمبر پر رہی تھی، تاہم رواں برس اس نے دیگر امیدواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
منتظمین کے مطابق اس مقابلے کا مقصد صرف کتوں کی منفرد اور غیر معمولی شکل کو نمایاں کرنا نہیں بلکہ جانوروں کو گود لینے، ریسکیو کرنے اور ان کے ساتھ ہمدردی کا پیغام عام کرنا بھی ہے۔ رواں برس اس مقابلے کی 50 ویں سالگرہ بھی منائی گئی۔
جنّی لو کی کہانی بھی اس ایونٹ کی خاص بات ہے۔ اسے جنوبی کوریا کی ڈاگ میٹ ٹریڈ سے ریسکیو کیا گیا تھا۔ بعد ازاں کیلیفورنیا کی دو جانوروں کی فلاحی تنظیموں نے اسے امریکا منتقل کیا تاکہ اسے ایک محفوظ گھر اور بہتر زندگی فراہم کی جاسکے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ 50 برس سے جاری یہ مقابلہ لوگوں کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ ہر جانور اپنی شکل و صورت سے قطع نظر محبت، دیکھ بھال اور قبولیت کا مستحق ہے۔