اسلام آباد راولپنڈی میں خطرے کے سائرن بج گئے

اسلام آباد راولپنڈی میں خطرے کے سائرن بج گئے

اسلام آباد جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی جبکہ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی۔ صورتحال کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر آبادی کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سائرن بھی بجادیے گئے ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

بارش کے اعداد و شمار کے مطابق جڑواں شہروں میں سیدپور کے مقام پر سب سے زیادہ 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مسلسل بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ واسا کی ٹیمیں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک ہیں جبکہ نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری بھی پہنچا دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کو ریلیف کے بعد علیمہ خان کو بڑا جھٹکا

متعلقہ اداروں کی جانب سے پانی کے بہاؤ اور نشیبی علاقوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جاسکے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

نارووال میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ منڈی بہاءالدین میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں جمعے تک بارشوں کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

متعلقہ اداروں کو بھی ممکنہ بارشوں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت کا بھی بڑا اعلان

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔

تاہم ملک کے دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق بتائی گئی ہے۔

انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف رہنے والے شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے، غیر ضروری طور پر ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور ضلعی انتظامیہ و متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles