بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کے ممبئی میں واقع لگژری بنگلے ’منت‘ میں 8 فٹ لمبا سانپ نکل آنے کے بعد ریسکیو ٹیم کو طلب کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سانپ کو باندرہ میں واقع شاہ رخ خان کی رہائش گاہ کے لان اور صحن کے قریب دیکھا گیا، جس کے بعد فوری طور پر اسنیک ریسکیور کو بلایا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر سانپ کو بحفاظت قابو کرلیا۔ ان کے مطابق سانپ کی شناخت دھامن، یعنی انڈین ریٹ اسنیک کے طور پر ہوئی، جو زہریلا نہیں ہوتا۔
ریسکیو کارروائی کے بعد محکمہ جنگلات کو بھی واقعے سے آگاہ کردیا گیا۔ سانپ کی ’منت‘ میں موجودگی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، جس کے بعد یہ واقعہ صارفین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
دوسری جانب شاہ رخ خان ان دنوں اپنی آنے والی ایکشن فلم ’کنگ‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان، دیپیکا پڈوکون اور ابھیشیک بچن سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔