پاکستان میں گوگل کا نیا باب شروع، لاکھوں افراد کے لیے روزگار اور اسکلز کے مواقع

پاکستان میں گوگل کا نیا باب شروع، لاکھوں افراد کے لیے روزگار اور اسکلز کے مواقع

گوگل نے پاکستان میں ایک دہائی سے زائد عرصے کی سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے بعد اسلام آباد میں اپنا باقاعدہ دفتر کھول دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کے روز گوگل کے گلوبل افیئرز کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ سے ملاقات کے دوران دفتر کا افتتاح کیا، جبکہ امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی موجودگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک تیزی سے ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی کی موجودگی سے ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل گورننس اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تصویر ہے یا ویڈیو؟ واٹس ایپ چیٹ کھولے بغیر بتائے گا

ولسن ایل وائٹ نے اسلام آباد میں دفتر کے قیام کو پاکستان میں گوگل کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی ترجیحات حکومت کے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی ایکسپورٹ ہب بنانے کے ہدف سے ہم آہنگ ہیں۔

گوگل کے مطابق گزشتہ 10 برس کے دوران پاکستان میں کمپنی کی سرگرمیوں سے کاروباری اداروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی پیدا ہوئی، جبکہ 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتوں کو سپورٹ کیا گیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل اسکلز، ہارڈویئر مینوفیکچرنگ اور مقامی کاروباروں میں تعاون جاری رکھے گی۔

یہ بھی پڑھیں:یوٹیوب پر کمائی کے لیے اب زیادہ محنت کرنا ہوگی، مونیٹائزیشن قوانین سخت

گوگل نے 2022 سے اب تک پاکستان میں 3 لاکھ 50 ہزار کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس بھی فراہم کی ہیں۔ کمپنی کے مطابق پروگرام مکمل کرنے والے 80 فیصد سے زائد افراد نے6 ماہ کے اندر نئی ملازمت حاصل کرنے یا اپنے کاروبار کو وسعت دینے کی اطلاع دی۔

کمپنی کے ڈیجیٹل سفر  پروگرام کے ذریعے 3 لاکھ سے زائد طلبہ اور 5 ہزار اساتذہ کو ڈیجیٹل سیفٹی اور ذمہ دارانہ آن لائن رویوں کی تربیت بھی دی جاچکی ہے۔ گوگل کے مطابق اس کی مختلف سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان میں 10 لاکھ سے زائد اساتذہ، طلبہ، ڈویلپرز اور کریئیٹرز کو ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔

پاکستانی طلبہ کے لیے جیمنائی مفت

گوگل کے گلوبل افیئرز کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے اعلان کیا کہ گوگل جیمنائی پاکستانی طلبہ کے لیے ایک سال تک مفت دستیاب ہوگا۔ گوگل کے مطابق اسلام آباد میں دفتر کے قیام کے بعد کمپنی حکومت پاکستان اور مقامی ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے ساتھ ڈیجیٹل اسکلز، مصنوعی ذہانت، ہارڈویئر مینوفیکچرنگ، ڈویلپرز اور آئی ٹی ایکسپورٹس کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھائے گی۔

editor

Related Articles