پاکستانی طلبا کے لئے گوگل جیمنائی کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن کا اعلان کردیا گیا جس کا مقصد طلبہ کو جدید مصنوعی ذہانت کی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوگل نے پاکستان کے تمام طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن دینے کا اعلان کردیا، جبکہ اس حوالے سے باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو جدید مصنوعی ذہانت کی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوگل کے اہداف وزیراعظم شہباز شریف کے اس وژن سے ہم آہنگ ہیں جس کے تحت پاکستان کو آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانا اور ملکی آئی ٹی برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔
ولسن وائٹ کا مزید کہنا تھا کہ گوگل نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان میں مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا، جبکہ اس سرگرمی سے ملک میں 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتوں کو سپورٹ ملی۔
گوگل کے نائب صدر نے کہا کہ پاکستان میں یہ پیش رفت صرف آغاز ہے اور آنے والے دنوں میں مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں گوگل کے پاکستان میں نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر گوگل کے 9 رکنی وفد سے ملاقات کی، وفد کی قیادت گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے کی، جبکہ چارج ڈی افیئرز نٹالی بیکر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں حکومتی نظام اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تیزی سے ڈیجیٹل تبدیلی جاری ہے۔ انہوں نے حکومت کے “ڈیجیٹل نیشن پاکستان” وژن سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی تربیت دینے کے لیے جاری پروگرامز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گوگل جیسے عالمی ٹیکنالوجی ادارے کے ساتھ تعاون ان اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان میں گوگل کا باقاعدہ دفتر قائم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور گوگل کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کی ڈیجیٹل شعبے میں صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گوگل مستقبل میں بھی نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اپنے پروگرامز کو مزید وسعت دے گا۔