حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کردی، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہےاس سے قبل پیٹرول 334 روپے 54 پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا تھا۔
ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی سے ٹرانسپورٹرز، کسانوں اور دیگر شعبوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے، کیونکہ ڈیزل کی قیمت کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ اور زرعی اخراجات پر پڑتا ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق
اوگرا کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ،پیٹرول کی قیمت میں اضافے اور ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں واضح فرق پیدا ہوگیا ہے۔
قبل ازیں آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا تھا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات اور تکالیف کا احساس ہے اور عوام کو ممکنہ ریلیف فوری فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے،انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سبسڈی کا فیصلہ بھی عوام کو ریلیف دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ تھا۔
مشکل وقت ختم ہوگا، وزیر پیٹرولیم
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت جو کوششیں کر رہی ہے، اس کے نتیجے میں یہ مشکل وقت ضرور ختم ہوگا۔ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ کی شدت میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ ڈیزل کی دستیابی کے حوالے سے کئی ممالک کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈیزل میں 32 روپے سے زائد کمی کا اعلان
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 30 سے 32 روپے سے زائد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے،بعدازاں اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
عوام کو ریلیف ملنے کی امید
ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی سے ٹرانسپورٹرز، کسانوں اور دیگر شعبوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ تاہم پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے باعث عام صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔حکومت کا مؤقف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باوجود عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔