عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے پی ٹی آئی نے ڈیڈ لائن دے دی، بڑا اعلان

عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے پی ٹی آئی نے ڈیڈ لائن دے دی، بڑا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کے لیے حکومت کے پاس کل تک کا وقت ہے اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت کے حکم کے مطابق ہسپتال منتقل نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوسکتی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ حکومت کی نظرثانی کی درخواست اتنی جلدی سنی جائے گی۔ ان کے مطابق اگر سپریم کورٹ میں کوئی درخواست دائر کی جاتی ہے تو اسے پہلے رجسٹری میں جانچ پڑتال کے مرحلے سے گزرنا ہوتا ہے، جس میں عموماً کئی دن لگ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی وجہ نہیں کہ سپریم کورٹ کے حکم پر آج یا کل تک عملدرآمد نہ کیا جائے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت کے احکامات کے مطابق شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جانا چاہیے

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ موجودہ حالات میں حکومت جان بوجھ کر توہین عدالت کرے گی تاہم اگر حکومت نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کیا تو پی ٹی آئی اپنی آواز ضرور اٹھائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے فیصلے کے بعد نواز شریف سیاست میں پھر متحرک،سرگرمیاں سامنے آ گئیں

ان کا کہنا تھا کہ توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی جائے گی اور یہ معاملہ قوم کے سامنے رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد قانون کے مطابق ہونا چاہیے اور اس معاملے میں کسی تاخیر کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔

پی ٹی آئی رہنما نے پیپلزپارٹی کے وفد کی اپوزیشن لیڈر سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ سلمان اکرم راجہ کے مطابق پیپلزپارٹی کا وفد خیرسگالی کے طور پر ملاقات کے لیے آیا تھا اور اس دوران صرف اتنی بات ہوئی کہ اپوزیشن کے ساتھ سیاسی رابطے بحال کیے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے مکالمے کا آغاز کرنے اور انتخابی اصلاحات پر بات چیت کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق انہوں نے پیپلزپارٹی کے وفد کو واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بغیر اس معاملے کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔

سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے وفد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کو سراہا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملاقات کے دوران نئے صوبوں کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی مکالمے کا آغاز ہوتا ہے تو اسے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت اور سیاسی جماعتوں کے درمیان باقاعدہ رابطوں کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا۔

یوں عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان عدالتی حکم پر عملدرآمد کا معاملہ اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جبکہ دوسری جانب پیپلزپارٹی اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی رابطوں کی بحالی بھی آئندہ کی سیاست کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles