ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صدرآل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نبیل محمود طارق نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومتی اقدام سے تجارتی سامان کی ترسیل کے اخراجات میں کمی آئے گی، فیول پرائسز میں کمی سے ٹرانسپورٹ انڈسٹری کی مشکلات بھی کم ہوں گی۔
نبیل محمود طارق نے مطالبہ کیاہے کہ حکومت اس کرائے میں کمی کو کم از کم 1 ہفتے کے لیے برقرار رکھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کردی، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہوگئی ، اس سے قبل پیٹرول 334 روپے 54 پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا تھا۔
ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی سے ٹرانسپورٹرز، کسانوں اور دیگر شعبوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے، کیونکہ ڈیزل کی قیمت کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ اور زرعی اخراجات پر پڑتا ہے۔
قبل ازیں آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا تھا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات اور تکالیف کا احساس ہے اور عوام کو ممکنہ ریلیف فوری فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سبسڈی کا فیصلہ بھی عوام کو ریلیف دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ تھا۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت جو کوششیں کر رہی ہے، اس کے نتیجے میں یہ مشکل وقت ضرور ختم ہوگا، حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی، خطے میں جنگ کی شدت میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ ڈیزل کی دستیابی کے حوالے سے کئی ممالک کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔