پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک روز کی کمی کے بعد ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے فی تولہ سونا 13 ہزار 700 روپے مہنگا ہوگیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 13 ہزار 700 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 71 ہزار 936 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 768 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 4 ہزار 609 روپے ہوگئی۔
اہم بات یہ ہے کہ 13 ہزار 700 روپے کا ایک روزہ اضافہ رواں سال 2026 میں سونے کی قیمت میں ہونے والے بڑے روزانہ اضافوں میں شامل ہوگیا ہے حالیہ دنوں میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا تاہم آج کا اضافہ ان بڑے اضافوں سے بھی زیادہ ہے۔
چاندی بھی مہنگی
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک تولہ چاندی کی قیمت 369 روپے بڑھ کر 7 ہزار 169 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا۔ عالمی منڈی میں فی اونس سونا 137 ڈالر مہنگا ہوکر 4 ہزار 495 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے ساتھ پاکستان میں بھی سونے کی قیمت پر دباؤ بڑھا، جس کے نتیجے میں فی تولہ قیمت میں تقریباً 14 ہزار روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں مزید اتار چڑھاؤ اور روپے کی قدر میں تبدیلی کا اثر مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑ سکتا ہے جس کے باعث آنے والے دنوں میں سونے کی قیمت میں مزید اضافہ یا کمی دیکھنے میں آسکتی ہے۔