بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ایف بلاک کے چوتھے فلور پر منتقل کیے جانے کی تیاری کی جارہی ہے ہسپتال انتظامیہ کو ان کی ممکنہ منتقلی کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ایف بلاک کا چوتھا فلور ایگزیکٹو فلور ہے جہاں خصوصی نوعیت کے مریضوں کے لیے طبی سہولیات اور ضروری انتظامات موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی ماضی میں اسی بلاک میں رکھا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایف بلاک کے چوتھے فلور پر گردوں اور جگر کے مریضوں کے خصوصی ٹیسٹ کے لیے بھی ضروری انتظامات موجود ہیں جبکہ مختلف طبی معائنے اور تشخیصی سہولیات فراہم کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ہائی بلڈ پریشر سمیت آنکھوں اور پٹھوں میں درد کی شکایات بھی ہیں جس کے باعث ان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے ہسپتال میں مناسب انتظامات کیے جارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی انتظامیہ کو عمران خان کی منتقلی کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے اور ان کے ہسپتال پہنچنے کی صورت میں طبی اور انتظامی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عمران خان کی شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی کا معاملہ سپریم کورٹ کے حالیہ احکامات کے تناظر میں بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ عدالت کی جانب سے طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکم کے بعد اب ان کی منتقلی اور علاج سے متعلق آئندہ اقدامات پر توجہ مرکوز ہے۔
ذرائع کے مطابق ہسپتال میں ان کی آمد کے بعد ڈاکٹرز ان کی طبی حالت کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور ضرورت کے مطابق مزید ٹیسٹ اور علاج کا فیصلہ کیا جائے گا