پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے ایک معروف ملٹی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے اشتراک سے 400 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ امیدواروں کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جبکہ واک اِن انٹرویوز 22 اگست 2026 کو منعقد ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق بھرتی پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو 3 ماہ کی لازمی تربیت فراہم کی جائے گی۔ تربیتی مدت کے دوران امیدواروں کو 20 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
پی بی ٹی ای حکام کے مطابق تربیت کامیابی سے مکمل کرنے والے امیدواروں کو 45 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر ملازمت کی پیشکش کی جائے گی، جس سے کامیاب امیدواروں کے لیے تربیت کے بعد مستقل روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
حکام کے مطابق میٹرک اور ایف اے کی تعلیمی قابلیت رکھنے والے امیدوار براہِ راست انٹرویو میں شرکت کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرمیڈیٹ یا ڈی اے ای کے نتائج کے منتظر امیدوار بھی اس پروگرام کے لیے اہل قرار دیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق درخواست گزاروں کی عمر 18 سے 32 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔
امیدواروں کے لیے واک اِن انٹرویوز ہفتہ، 22 اگست 2026، صبح 10 بجے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، 21-اے کشمیر بلاک، علامہ اقبال ٹاؤن، لاہور میں منعقد ہوں گے۔
انتظامیہ کے مطابق کامیاب قرار پانے والے امیدواروں کی تربیت انٹرویو کے فوراً بعد شروع کر دی جائے گی۔ اہم بات یہ ہے کہ جن امیدواروں نے آن لائن پورٹل پر پہلے سے درخواست جمع نہیں کرائی، انہیں بھی براہِ راست واک اِن انٹرویو میں شرکت کی اجازت ہوگی۔