بیلجیئم کے شاہی خاندان میں ایک غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جہاں بادشاہ کے بھائی شہزادہ لارینٹ نے اپنے 26 سالہ بیٹے کلیمنٹ وانڈن کرک ہووے کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کلیمنٹ کو رواں سال فروری میں ایک مختصر اور غیر رسمی تقریب کے دوران قانونی طور پر شاہی خاندان کا حصہ بنایا گیا۔ اس قانونی کارروائی کے بعد انہیں شہزادے کا لقب حاصل ہوگیا، جبکہ تقریب کی تفصیلات حال ہی میں سامنے آئی ہیں۔
کلیمنٹ کی پیدائش شہزادہ لارینٹ اور سابق فلیمش ماڈل و گلوکارہ آئرس وانڈن کرک ہووے کے درمیان 7 سال تک جاری رہنے والے تعلق کے دوران ہوئی تھی۔ شہزادہ لارینٹ نے گزشتہ سال پہلی مرتبہ عوامی طور پر کلیمنٹ کو اپنا بیٹا تسلیم کیا تھا۔
نئے شہزادے کو شاہی لقب کے ساتھ اپنے والد کی جائیداد میں وراثتی حق بھی حاصل ہوگا، تاہم وہ بیلجیئم کے تخت کی جانشینی کے سلسلے میں شامل نہیں ہوں گے اور انہیں شاہی وظیفہ بھی نہیں ملے گا۔ بیلجیئم کے روزنامہ ’نیوس بلاد‘ سے گفتگو میں کلیمنٹ نے کہا کہ وہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کر سکے کہ آیا وہ شاہی خاندان کا نام ’وان ساکسن کوبرگ‘ اختیار کریں گے یا نہیں۔
کلیمنٹ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے موجودہ خاندانی نام ’وانڈن کرک ہووے‘ پر فخر ہے اور اسے ترک کرنا ان کی والدہ کی جانب سے ان کے لیے کی گئی قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہوگا۔