موڈیز کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

موڈیز کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

معاشی ٹیم کی تعریف

شہباز شریف نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام متعلقہ وزرا اور حکام کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں :موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی، آؤٹ لک مثبت سے مستحکم

عالمی اعتماد میں اضافہ

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف حوصلہ افزا ہے، کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ بیرونی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

اصلاحات جاری رکھنے کا عزم

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے حکومت کی مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے، حکومت ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل مزید تیز کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی منزل پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

editor

Related Articles