وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کی ملاقات،سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کی ملاقات،سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی جانب سے دلی احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مختلف امکانات پر گفتگو کی۔

سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری

شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پاکستان میں زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی الوداعی ملاقات

وزیراعظم نے ان ترجیحی شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حکومت سے حکومت اور کاروبار سے کاروبار کی سطح پر مشترکہ تعاون کے لیے یہ بہترین وقت ہے۔

مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت

وزیراعظم شہباز شریف نے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کے پاکستان کے سابقہ دوروں کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ موجودہ دورہ گزشتہ بات چیت کو مزید آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔

سعودی کاروباری روابط بڑھانے کا عزم

شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے میں سعودی حکومت اور سعودی کاروباری برادری کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا،سعودی وفد دورہ پاکستان کے دوران متعدد اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

وفاقی وزراء کی شرکت

ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال خان، محمد اورنگزیب، عطااللہ تارڑ، جنید انوار چوہدری اور علی پرویز ملک شریک تھے،سردار اویس احمد خان لغاری، محمد حنیف عباسی، وزیراعظم کے مشیران محمد علی اور ہارون اختر خان، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

editor

Related Articles