پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر اور ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔
وزیراعظم نے محمد یحییٰ کی پاکستان میں تعیناتی کے دوران پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیاوزیراعظم نے پاکستان کی ترقی اور انسانی ہمدردی سے متعلق ترجیحات کے لیے اقوام متحدہ کی مسلسل معاونت کو بھی سراہا۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے، پائیدار ترقی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیم کے تعاون کی تعریف کی۔
2022 کے سیلاب میں اقوام متحدہ کا کردار
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا، بالخصوص 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران اقوام متحدہ کی امدادی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیا،انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں عالمی ادارے کی معاونت نے متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد یحییٰ کو نئی ذمہ داری پر مبارکباد
وزیراعظم نے محمد یحییٰ کو اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (OCHA) میں اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے محمد یحییٰ کے لیے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان قریبی شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔
محمد یحییٰ کا وزیراعظم سے اظہار تشکر
محمد یحییٰ نے وزیراعظم کی جانب سے پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اور اپنے دورِ ذمہ داری کے دوران حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں اور اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کو فراہم کیے جانے والے تعاون کو سراہا،انہوں نے پاکستان کی ترقی اور انسانی ہمدردی کے ایجنڈے کی حمایت جاری رکھنے کے لیے اقوام متحدہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔