بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے شادی شدہ مردوں کو خوشگوار ازدواجی زندگی گزارنے کا دلچسپ نسخہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بیوی کے سامنے ہمیشہ فوراً اپنی غلطی مان لینی چاہیے، ورنہ جوتے، چپل اور بیلن چل سکتے ہیں۔
امیتابھ بچن نے اپنے شو کے دوران شادی شدہ زندگی اور شوہروں کے لیے احتیاطی تدابیر پر مزاحیہ انداز میں گفتگو کی۔ بگ بی کا کہنا تھا کہ اگر بیوی غصے میں ہو یا میاں بیوی کے درمیان کسی بات پر تنازع پیدا ہوجائے تو شوہروں کے لیے سب سے عقلمندی یہی ہے کہ وہ بحث کرنے کے بجائے فوراً اپنی غلطی تسلیم کرلیں۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر شوہر نے غلطی ماننے کے بجائے الٹا جواب دینا شروع کردیا تو پھر جوتے، چپل اور بیلن چلنے میں دیر نہیں لگتی، اس لیے خاموشی اختیار کرنے میں ہی عافیت ہے۔ امیتابھ بچن کی اس دلچسپ بات پر شو میں موجود حاضرین، خاص طور پر شادی شدہ مرد، زور دار قہقہے لگانے لگے۔
بالی وڈ شہنشاہ کی یہ مزاحیہ نصیحت سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی توجہ حاصل کررہی ہے۔