عالمی سطح پر سونے کی قیمتیں آج محدود دائرے میں رہیں، جبکہ سرمایہ کار امریکی لیبر مارکیٹ کے اہم اعداد و شمار اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے ساتھ 4,437.10 ڈالر فی اونس رہی، جبکہ گزشتہ سیشن میں سونا 19 اگست کے بعد کم ترین سطح تک پہنچ گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی گولڈ فیوچرز میں 0.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور قیمت 4,485.30 ڈالر فی اونس رہی۔
رواں ہفتے امریکا میں ملازمتوں سے متعلق اہم اعداد و شمار جاری کیے جانے ہیں، جن میں جاب اوپننگز، ADP ایمپلائمنٹ رپورٹ اور نان فارم پے رولز شامل ہیں۔ سرمایہ کار ان اعداد و شمار کا جائزہ لے کر امریکی لیبر مارکیٹ کی صورتحال اور مستقبل کی شرحِ سود سے متعلق فیڈرل ریزرو کی پالیسی کے امکانات کا اندازہ لگائیں گے۔
سونے پر حالیہ دنوں میں امریکی شرحِ سود سے متعلق توقعات کا بھی دباؤ ہے گزشتہ ہفتے سونا تین ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا، تاہم جمعہ کو فیڈ چیئر کی جانب سے مہنگائی کے 2 فیصد ہدف کی جانب پیش رفت پر مزید یقین دہانی کی ضرورت کے اشارے کے بعد سونے کی قیمت میں 3 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
آبنائے ہرمز کشیدگی
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق فیڈ کی نسبتاً سخت پالیسی اور آبنائے ہرمز میں نئی کشیدگی نے بھی سونے کی قیمتوں پر اثر ڈالا ہے، آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے مہنگائی کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
مارکیٹ میں اس وقت امریکی شرحِ سود کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، سونے کو عموماً مہنگائی کے خلاف تحفظ سمجھا جاتا ہے، تاہم شرحِ سود میں اضافہ عموماً سونے کے لیے دباؤ کا باعث بنتا ہے کیونکہ زیادہ منافع دینے والے اثاثے سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ پرکشش ہو جاتے ہیں۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں اسپاٹ سلور 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 66.34 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 1,793.03 ڈالر جبکہ پیلاڈیم 1,356.75 ڈالر فی اونس پر تقریباً مستحکم رہا۔