حکومتِ پنجاب نے عام شہریوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹس کی رجسٹریشن فیس مزید 3 سال کے لیے مفت کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیدائش اور اموات کی رجسٹریشن کے قواعد 2025 میں ترمیم کردی ہے۔
ترمیم کے تحت مقررہ مدت گزرنے کے بعد پیدائش اور اموات کی تاخیر سے رجسٹریشن کے لیے فیس معافی کی مدت میں مزید 3 سال کی توسیع کردی گئی ہے۔ اب شہری مقررہ مدت گزرنے کے بعد بھی اضافی رجسٹریشن فیس ادا کیے بغیر پیدائش یا موت کا اندراج کرا سکیں گے۔
پنجاب حکومت نے فیس معافی اور مفت رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کا باضابطہ گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ کو ترمیم شدہ قواعد پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
حکومت کے اس اقدام سے ان شہریوں کو سہولت ملے گی جو مقررہ مدت کے دوران پیدائش یا اموات کا اندراج نہیں کراسکے تھے۔
برتھ سرٹیفکیٹ کیوں ضروری ہے؟
پیدائش کا سرٹیفکیٹ ایک بنیادی قانونی دستاویز ہے، جس کے بغیر کسی بچے کا شناختی ریکارڈ بننا ممکن نہیں ہوتا۔ یہ سرٹیفکیٹ بچے کی نادرا میں رجسٹریشن، ب فارم کے حصول، اسکول میں داخلے، پاسپورٹ بنوانے، وراثت کے دعووں اور حکومت کے مختلف فلاحی و صحت کے پروگراموں تک رسائی کے لیے لازمی شرط ہے۔