یہ ہے بلوچستان کا اصل چہرہ، یومِ دفاع پر عوام سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ، قومی یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ، وطن سے محبت اور پاکستان سے وفاداری کا بھرپور پیغام دیا۔ بلوچستان کے عوام نے یومِ دفاع کے موقع پر شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام، خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ متحد اور یک آواز ہے۔
یوم دفاع کے حوالے سے نکالی گئی شاندار عوامی ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے ثابت کردیا کہ بلوچستان کے عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وطن کے دفاع کے لیے قوم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے ملک سے اپنی والہانہ محبت اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
شرکاء نے 6 ستمبر کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔ شہداء کی قربانیاں پاکستانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور قوم اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ یومِ دفاع پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جو قوم کو اتحاد، نظم و ضبط اور وطن سے وفاداری کا درس دیتا ہے۔ آج بھی پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی، امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محبِ وطن پاکستانی ہیں اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پاکستان کی سالمیت اور قومی اتحاد کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سرزمین اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے قوم اپنی افواج کے ساتھ متحد ہوکر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کے مقابلے میں قومی اتحاد ہی سب سے بڑی طاقت ہے اور پاکستان کے عوام اپنے وطن کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
یو م دفا کے موقع پر نکالی گئی ریلی نے قومی جذبے، حب الوطنی اور اتحاد و یکجہتی کی خوبصورت تصویر پیش کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔