سندھ حکومت نے صوبے بھر کے اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کی کمی کردی ہے، جس کے بعد تعلیمی اداروں میں نئے اوقات کار فوری طور پر نافذ کردیئے گئے ہیں،محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ سرکیولر بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کے مطابق صوبے کے اسکولوں میں ہفتے کے پانچ دن معمول کے مطابق تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں گی، اوقات کار میں کمی کے فیصلے سے ہفتہ وار تعلیمی دنوں کی تعداد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی،محکمے کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق نیا شیڈول فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور آئندہ احکامات تک اسی کے تحت اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
وزیر تعلیم کی ہدایت پر فیصلہ
یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر کیا گیا ہے، محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام متعلقہ افسران اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو نئے اوقات کار پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے،محکمے کے ترجمان عاطف وگھیو نے کہا ہے کہ اسکولوں کے سربراہان اور متعلقہ فیلڈ افسران جاری کردہ سرکیولر کے مطابق نئے اوقات کار پر سختی سے عمل کریں۔
سابقہ ہدایات بھی برقرار
محکمہ تعلیم سندھ نے واضح کیا ہے کہ نئے اوقات کار کے اعلان کے باوجود سابقہ سرکیولر میں شامل دیگر تمام شرائط اور ہدایات اپنی جگہ برقرار رہیں گی،اس لیے تعلیمی اداروں کو صرف اوقات کار میں کی گئی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے باقی تمام انتظامی اور تعلیمی ہدایات پر بھی عمل جاری رکھنا ہوگا۔
جعلی نوٹیفکیشن کی وضاحت
اس سے قبل سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے اسکولوں کے اوقات کار سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک دستاویز کو جعلی اور گمراہ کن قرار دیا تھا،صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وائرل ہونے والی دستاویز کے ذریعے عوام اور تعلیمی اداروں کے درمیان غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر واضح کیا تھا کہ اسکولوں کے نئے اوقات کار سے متعلق حتمی اور باضابطہ شیڈول محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ ہی جاری کرے گا، جبکہ والدین، طلبہ اور تعلیمی اداروں کو غیر مصدقہ اطلاعات پر انحصار کرنے کے بجائے سرکاری اعلانات کو ترجیح دینی چاہیے۔
طالبات کی شکایت پر اعلان
محکمہ تعلیم کے تازہ فیصلے سے قبل صوبائی وزیر تعلیم نے طالبات کی جانب سے اسکولوں کے طویل اوقات کار سے متعلق شکایات کا نوٹس لیا تھا،اس کے بعد انہوں نے تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کی کمی کا اعلان کیا،اب محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے اس فیصلے کو باقاعدہ سرکیولر کی صورت میں نافذ کردیا گیا ہے۔
اسکولوں کو نئے شیڈول پر عملدرآمد کی ہدایت
محکمہ تعلیم سندھ نے تمام سرکاری و متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان اور فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے اوقات کار کے حوالے سے جاری کردہ سرکیولر پر عملدرآمد یقینی بنائیں،حکام کے مطابق اوقات کار میں کمی کا مقصد تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کیے بغیر طلبہ اور طالبات کو درپیش مشکلات کو کم کرنا ہے، نئے شیڈول کے تحت اسکولوں میں ہفتے کے پانچ دن تعلیم کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔
