پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کو احتجاج، اسلام آباد پولیس نے سکیورٹی تیاریاں شروع کردیں

پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کو احتجاج، اسلام آباد پولیس نے سکیورٹی تیاریاں شروع کردیں

اسلام آباد پولیس نے 27 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر تیاریاں شروع کردی ہیں۔

ذرائع کے مطابق متوقع احتجاج سے قبل راولپنڈی اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ احتجاج کی صورت میں سڑکیں بند کرنے کے لیے کنٹینرز قبضے میں لے کر تعینات کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع احتجاج کے پیش نظر افسران کی تعیناتیوں اور تبادلوں کا عمل بھی کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دیگر صوبوں سے اضافی پولیس نفری بھی طلب کی جائے گی۔

حکام کی جانب سے مظاہرین کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ریڈ زون کی سکیورٹی کے لیے تین سطحی حصار قائم کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حساس مقامات کے اطراف بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل پولیس متوقع احتجاج کی صورتحال کی نگرانی کمانڈ اینڈ کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر سے کریں گے۔

Related Articles