بھارت کے معروف پنجابی گلوکار و اداکار ایمی ورک کینیڈا میں فائرنگ کے ایک واقعے میں محفوظ رہے۔ واقعہ برٹش کولمبیا کے شہر ایبٹسفورڈ میں ان کے کنسرٹ کے بعد پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 5 ستمبر کی رات تقریباً 11 بجے میکلم روڈ کے علاقے میں ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی ایمی ورک کے کنسرٹ سے منسلک قافلے کا حصہ تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی پر 7 گولیاں چلائی گئیں۔
پولیس نے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ فائرنگ کرنے والوں کا اصل ہدف کون تھا۔ واقعے کے کچھ دیر بعد قریب ہی ایک گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع بھی پولیس کو ملی۔
یہ بھی پڑھیں:جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کی شادی،گلوکارہ انگوٹھی خود خریدیں گی
اہلکاروں نے سنی سائیڈ پلیس کے علاقے میں پہنچ کر ایک گاڑی کو مکمل طور پر جلا ہوا پایا۔ پولیس اب اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا یہ گاڑی فائرنگ کے واقعے سے منسلک تھی یا دونوں واقعات الگ الگ ہیں۔
دوسری جانب ایمی ورک کے والد کُلجیت سنگھ نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فائرنگ میں گلوکار یا ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ کُلجیت سنگھ کے مطابق ایمی ورک بالکل محفوظ ہیں اور فائرنگ ممکنہ طور پر کنسرٹ کے منتظمین سے منسلک ایک گاڑی پر کی گئی۔ پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی فائرنگ کے اصل ہدف اور واقعے کی وجوہات کے بارے میں مزید معلومات سامنے آسکیں گی۔


