پاکستانی اداکارہ حرا مانی ایک بار پھر اپنے نئے فوٹوشوٹ کے باعث سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں، تاہم اس بار ان کے انداز کو پذیرائی سے زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حرا مانی نے شادی کے بعد شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور ابتدائی دور میں اپنے شوہر مانی کے ہمراہ میزبانی بھی کی۔ بعد ازاں انہوں نے اداکاری کا رخ کیا اور مختلف کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کی۔ وقت کے ساتھ حرا مانی کے فیشن اور اسٹائل میں بھی نمایاں تبدیلی دیکھی گئی اور وہ اپنے منفرد لباس اور نئے انداز کے باعث اکثر سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنتی رہی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنے نئے فیشن فوٹوشوٹ کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں، جن میں وہ مختلف انداز میں نظر آئیں۔ فوٹوشوٹ میں حرا مانی نے گھٹنوں تک آنے والا لباس زیب تن کیا، جبکہ ان کا میک اپ نسبتاً سادہ اور قدرتی رکھا گیا۔ اداکارہ نے اپنے بال بھی لانگ باب اسٹائل میں کٹوائے، جس نے ان کی مجموعی شخصیت کو ایک مختلف انداز دیا۔
یہ بھی پڑھیں:کئی دہائیوں بعد لیڈی ڈیانا کا مشہور ’ریوینج ڈریس‘ پھر نیلامی کی میز پر
فوٹوشوٹ کے دوران حرا مانی نے کچھ بولڈ انداز بھی اپنائے۔ ایک تصویر میں لباس کے بٹن کھلے ہوئے دکھائی دیے، جبکہ ایک اور تصویر میں انہیں سرخ اور قدرے پراسرار روشنی کے ماحول میں بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔
تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آنے لگا۔کئی صارفین نے حرا مانی کے نئے انداز کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے فیشن انتخاب پر سوال اٹھائے۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ اداکارہ کے موجودہ انداز میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں واضح تبدیلی نظر آتی ہے۔

ایک صارف نے حرا مانی کے نئے انداز پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فیشن کو سمجھنے سے قاصر ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے ان کے لباس کے انتخاب کو نامناسب قرار دیا۔
تاہم سوشل میڈیا پر ہر ردعمل منفی نہیں تھا اور کچھ صارفین نے اداکارہ کے نئے انداز کو ان کی ذاتی پسند اور فیشن کا معاملہ قرار دیا۔ حرا مانی کا یہ نیا فوٹوشوٹ ایک بار پھر اس بحث کو سامنے لے آیا ہے کہ شوبز شخصیات کے فیشن انتخاب پر سوشل میڈیا صارفین کس حد تک اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔


