کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے دیرینہ چیف آف اسٹاف کیٹی ٹیلفورڈ کے ساتھ مل کر نئی میڈیا اور انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کمپنی قائم کرلی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نئی کمپنی کا نام ہوپ اینڈ ہارڈ ورک رکھا گیا ہے، جس کا باقاعدہ اعلان جمعے کو کمپنی کی ویب سائٹ لانچ کرکے کیا گیا۔کمپنی فلم، ٹیلی ویژن، آڈیو اور براہ راست تفریحی منصوبوں کے ذریعے ایسی کہانیاں پیش کرے گی جن کا مقصد لوگوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، روابط اور معاشرتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
ہوپ اینڈ ہارڈ ورک کا نام اس جملے سے متاثر ہو کر رکھا گیا ہے جسے جسٹن ٹروڈو نے 2013 میں کینیڈا کی لبرل پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے بعد اپنی تقاریر میں بارہا استعمال کیا۔ وزیراعظم کے طور پر اپنے تقریباً1 دہائی پر محیط دور میں بھی وہ اس جملے کا استعمال کرتے رہے۔ نئی کمپنی کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول بھی جاری ہے۔ فیسٹیول جمعرات کو شروع ہوا اور 20 ستمبر تک جاری رہے گا۔
54 سالہ جسٹن ٹروڈو نے گزشتہ برس وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے جنوری میں لبرل پارٹی کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی کے اندر بڑھتے ہوئے دباؤ اور آئندہ عام انتخابات سے قبل مقبولیت میں کمی کے باعث ان کے اس فیصلے نے کینیڈا کی سیاست میں اہم تبدیلی کی راہ ہموار کی۔
ٹروڈو کے بعد لبرل پارٹی کے رہنما مارک کارنی نے کینیڈا کے وزیراعظم کا منصب سنبھال لیا۔ سیاست سے علیحدگی کے بعد جسٹن ٹروڈو زیادہ تر عوامی منظرنامے سے دور رہے، تاہم وہ مختلف تقریبات میں کبھی کبھار نظر آتے رہے ہیں۔
دوسری جانب حالیہ عرصے میں امریکی پاپ گلوکارہ کیٹی پیری کے ساتھ ان کے مبینہ تعلقات بھی میڈیا اور سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ اب نئی میڈیا کمپنی کے قیام کے بعد جسٹن ٹروڈو کا سیاسی میدان سے نکل کر فلم، ٹیلی ویژن اور تفریح کی دنیا میں ایک نیا سفر شروع ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔