ہانیہ عامر کا شائے گل کا گانا کاپی کرنے کی سوشل میڈیا پر بحث، گلوکارہ نے وضاحت دیدی

ہانیہ عامر کا شائے گل کا گانا کاپی کرنے کی سوشل میڈیا پر بحث، گلوکارہ نے وضاحت دیدی

پاکستانی گلوکارہ شائے گل نے ہانیہ عامر کے نئے گانے ’پابلو‘ اور اپنے گانے ’اِن سیکیورٹی‘ کے درمیان مماثلت سے متعلق صارفین میں جاری ہنگامہ خیز بحث پر وضاحت دے دی ہے۔

حال ہی میں ہانیہ عامر کا گانا ’پابلو‘ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس کا موازنہ شائے گل کے گانے  ’اِن سیکیورٹی‘ سے شروع کر دیا جبکہ بعض صارفین نے ہانیہ پر شائے گل کے کام سے نقل کرنے کا الزام بھی عائد کرڈالا ۔

یہ بحث اس وقت مزید شدت اختیار کر گئی جب شائے گل نے اپنے گانے ’اِن سیکیورٹی‘ کو ایک سال مکمل ہونے پر اس کا اکوسٹک ورژن مداحوں کیساتھ شیئر کیا جس پر پوسٹ کی ٹائمنگ دیکھتے ہوئے بعض مداحوں نے اسے ہانیہ عامر کیلئے بالواسطہ طنز قرار دے دیا۔

اس بحث کے طول پکڑ جانے کے بعد شائے گل نے ان قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کی بحث کو کم کرنے کی کوشش کی اور اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ  ’میں کبھی کسی سے نفرت نہیں کرتی، جسے گانے سے لطف اندوز ہونا ہے وہ ہو اور جس کو ڈرامہ بنانا ہے اس بات کا تو وہ بنائے ڈرامہ‘۔

شائے گل نے وضاحت کی کہ گزشتہ ستمبر میں ان کا پہلا سولو گانا ریلیز ہوا تھا اور رواں ستمبر میں اکوسٹک ورژن شیئر کرنے کا مقصد صرف اس گانے کی پہلی سالگرہ منانا اور خوشی منانا تھا۔

اپنی ویڈیو پوسٹ میں گلوکارہ نے سوال اٹھایا کہ گانے کی سالگرہ منانے کو کسی پر طنز کیسے سمجھا جا سکتا ہے؟  وہ ہر کمنٹ میں جا کر اپنی وضاحت نہیں دے سکتیں، مداح جو کرنا چاہیں وہ کرسکتے ہیں۔

شائے گل کے اکوسٹک ورژن کو آئمہ بیگ، عبدالحنان اور انورال خالد سمیت دیگر فنکاروں اور سوشل میڈیا شخصیات کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں : 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، ماہرہ خان

خیال رہے کہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے شوبز میں اپنے کیریئر کے 10 سال مکمل ہونے پر موسیقی کی دنیا میں بھی قدم رکھتے ہوئے اپنا پہلا ریپ سنگل ’’پابلو‘‘ جاری کیا ہے ، ہانیہ عامر نے اس گانے کے بول اور دھن خود تحریر کی ہے، جس میں انہوں نے اپنے ناقدین اور سوشل میڈیا ٹرولز کو دوٹوک جواب دیا ہے۔ 

editor

Related Articles