وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر برطانیہ روانہ ہوگئے لندن میں دو روز قیام کے بعد وزیراعظم امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ اپنے دورۂ امریکا کے دوران وزیراعظم عالمی اور علاقائی امور سمیت پاکستان سے متعلق اہم معاملات پر مختلف ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں اور تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن پر مختلف ممالک کے سربراہانِ حکومت اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی۔
وفاقی وزرا اور حکومتی وفد کے دیگر ارکان بھی نیویارک میں وزیراعظم کو جوائن کریں گے۔ وزیراعظم کے دورۂ امریکا کے دوران پاکستان کے علاقائی اور عالمی معاملات پر مؤقف پیش کرنے کے ساتھ مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ روابط کو مزید آگے بڑھانے کیلئے بھی بات چیت متوقع ہے۔
وزیراعظم کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب عالمی سطح پر پاکستان کی ترجیحات، علاقائی صورتحال اور مختلف بین الاقوامی معاملات کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہوگا۔