لاہور کی فضائی حدود میں 5 فضائی راستے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان

لاہور کی فضائی حدود میں 5 فضائی راستے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے آپریشنل وجوہات کی بنا پر لاہور کی فضائی حدود میں بعض فضائی راستے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نیا نوٹم جاری کردیا۔

جاری کردہ نوٹم کے مطابق لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں 5 فضائی راستے عارضی طور پر بند رہیں گے، جن میں جھنگ سے ساجن اور ریگٹ سے ڈی آئی خان سمیت دیگر مختلف فضائی راستے شامل ہیں۔

نوٹم کے مطابق مذکورہ فضائی راستے 17 اور 18 ستمبر کو صبح ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 7 بجے تک بند رکھے جائیں گے۔

ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق یہ فضائی راستے زمین سے غیر معینہ بلندی تک تمام پروازوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

تاہم مسافروں اور ایئرلائنز کی سہولت کے لیے متبادل فضائی راستے دو طرفہ پروازوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔

پی اے اے کے مطابق ڈی آئی خان سے آنے اور جانے والی پروازوں کے لیے فضائی ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطہ کرنا لازمی ہوگا۔

ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فضائی راستوں کی یہ عارضی بندش مکمل طور پر آپریشنل وجوہات کے پیش نظر کی گئی ہے۔

Related Articles