پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد حکومت کا بڑا کفایت شعاری پلان،دکانیں رات 9 بجے بند ہوں گی

پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد حکومت کا بڑا کفایت شعاری پلان،دکانیں رات 9 بجے بند ہوں گی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد وفاقی حکومت نے اخراجات کم کرنے اور ایندھن کی بچت کے لیے 3 ماہ کی کفایت شعاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کرنا ہوں گے، جبکہ شادی ہالز اور دیگر کمرشل سرگرمیوں کے لیے رات 10 بجے تک کی حد مقرر کی گئی ہے۔حکومت نے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور کیفے کے اوقات بھی محدود کرتے ہوئے انہیں رات 11 بجے تک بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اہم شعبوں کو استثنیٰ

کفایت شعاری مہم کے باوجود عوام کی بنیادی ضروریات سے متعلق بعض اداروں کو مقررہ اوقات کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال، تندور اور پیٹرول پمپس معمول کے مطابق کام کرسکیں گے۔

سرکاری گاڑیوں پر بڑا فیصلہ

وفاقی حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور ایندھن کے اخراجات کم کرنے کے لیے بھی اہم اقدامات کیے ہیں،نوٹیفکیشن کے مطابق 50 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کی جائیں گی جبکہ سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں بھی 50 فیصد کمی کردی جائے گی،تاہم ضروری سروسز اور ایف بی آر کی آپریشنل گاڑیوں کو ایندھن میں کمی کے فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت نے دکانوں اور کاروباری مراکز کے نئے اوقات کار جاری کردیئے

نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی

حکومت نے سرکاری اخراجات کم کرنے کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی مکمل پابندی عائد کردی ہے،نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام اقسام کی نئی گاڑیوں کی خریداری نہیں کی جائے گی، جس کا مقصد سرکاری اخراجات کو محدود کرنا اور دستیاب وسائل کا محتاط استعمال یقینی بنانا ہے۔

بجٹ میں بھی کٹوتی

کفایت شعاری مہم کے تحت وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے نان ای آر ای بجٹ میں بھی 5 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے،حکومت کی جانب سے یہ اقدامات پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث پیدا ہونے والے اضافی اخراجات کو کم کرنے اور سرکاری سطح پر ایندھن کی کھپت محدود کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

تین ماہ تک مہم جاری

نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری مہم کی مدت تین ماہ مقرر کی گئی ہے۔ اس دوران کاروباری مراکز کے اوقات، سرکاری گاڑیوں کے استعمال، ایندھن کی فراہمی اور سرکاری بجٹ سے متعلق مختلف پابندیاں نافذ رہیں گی،حکومتی فیصلوں کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیوں کے اوقات محدود ہونے کے ساتھ سرکاری اداروں کے اخراجات میں بھی کمی لانے کی کوشش کی جائے گی۔

editor

Related Articles