وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ کے 2 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج صبح اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے لندن کے لیے روانہ ہوئے۔ طیارے کی ری فیولنگ کے لیے وزیراعظم کے وفد نے استنبول میں 2 گھنٹے قیام کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 2 روز بعد لندن سے امریکا کے دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ 25 ستمبر کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی دعوت پر لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
اپنے دورے کے دوران لبنانی وزیر داخلہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور امن و امان کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے، جہاں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ان کا باضابطہ استقبال کیا۔
اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ انہوں نے لبنانی وزیر داخلہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔