سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد بھارتی اکاؤنٹس کی جانب سے سعودی عرب میں حوثی حملے کے دوران پاک فضائیہ کے 3 JF-17 جنگی طیاروں کو نقصان پہنچنے سے متعلق دعویٰ جھوٹا نکلا۔
متعدد بھارتی اکاؤنٹس کی جانب سے ایک ہی وقت میں ایک مخصوص انگریزی متن شیئر کیا گیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ حوثیوں نے سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز ایئر بیس پر براہ راست حملہ کیا۔
سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ حوثیوں نے ایئر بیس پر 6 سے زائد میزائل داغے، جن سے ہینگرز کو نقصان پہنچا اور وہاں موجود چینی ساختہ 3 پاکستانی JF-17 جنگی طیارے تباہ ہوگئے۔
ان پوسٹس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی افادیت پر بھی سوالات اٹھائے گئے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ پاکستان سعودی عرب میں اپنے جنگی طیارے واپس منتقل کر رہا ہے۔
بھارتی اکاؤنٹس کے دعوے
ایکس صارف’’بابا بنارس‘‘ نے دعویٰ کیا کہ حوثیوں نے پاکستان پر براہ راست حملہ کیا اور سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس کو نشانہ بنایا، جہاں پاک فضائیہ تعینات ہے۔
صارف نے دعویٰ کیا کہ 6 سے زائد میزائلوں نے ایئر بیس کے ہینگرز کو نشانہ بنایا اور کم از کم 3 پاکستانی JF-17 طیاروں کو نقصان پہنچایا۔
ایک اور صارف ’بھیرَو فورس‘نے دعویٰ کیا کہ حوثیوں نے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس کو نشانہ بنایا اور وہاں موجود کم از کم 3 پاکستانی JF-17 طیاروں کو نقصان پہنچا۔
اسی طرح ’نیپال کورسپانڈنس‘ نامی ایکس اکاؤنٹ نے دعویٰ کیا کہ پاک فضائیہ اپنے جنگی طیاروں کے اسکواڈرن اور اہلکاروں کو سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس سے منتقل کر رہی ہے۔
فیکٹ چیک اور حقیقت
فیکٹ چیک کے مطابق سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا یہ مواد جھوٹ، من گھڑت دعووں اور گمراہ کن پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔
تحقیقات اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شاہ عبدالعزیز ایئر بیس پر حوثیوں کی جانب سے ایسے کسی حملے یا پاک فضائیہ کے طیاروں کو نقصان پہنچنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے جائزے سے یہ بھی سامنے آیا کہ متعدد اکاؤنٹس کی جانب سے ایک ہی متن کو کاپی پیسٹ کرکے شیئر کیا گیا، جس کے ذریعے سوشل میڈیا پر ایک مخصوص تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
فیکٹ چیک کے مطابق یہ مہم پاک سعودی دفاعی تعلقات کے حوالے سے منفی تاثر پیدا کرنے اور ایک مخصوص بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔